اداکار نکولس کیج کی زندگی کا بدترین لمحہ: ہوٹل کے عملے نے باہر نکال دیا

لاس ویگاس: عالمی شہرت یافتہ ہالی ووڈ اداکار نکولس کیج کی زندگی میں گزشتہ روز بدترین لمحہ اس وقت آیا جب انہیں ایک ہوٹل کے عملے نے برا آدمی سمجھ کر باہر نکال دیا۔

امریکی اور برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق اپنی شاندار اداکاری کے انمٹ نقوش چھوڑنے والے اور آسکر سمیت متعدد دیگر عالمی ایوارڈز جیتنے والے اداکار نکولس کیج جب لاس ویگاس کے ایک ہوٹل میں پہنچے تو نشے کی وجہ سے ان کی حالت اس قدر غیر تھی کہ عملہ پہچان ہی نہ پایا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق ہالی ووڈ اداکار نکولس کیج بہت زیادہ نشے میں تھے جس کی وجہ سے نہ صرف ان کی حالت انتہائی ابتر تھی بلکہ وہاں موجود عملے سے بھی جھگڑا کر بیٹھے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق ہوٹل کے عملے نے انہیں بے گھر اور بدمعاش سمجھ کر ہوٹل سے باہر نکال دیا۔ اس حوالے سے وہاں موجود عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے نکولس کیج کی درگت بنتے دیکھی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق اداکار نکولس کیج 13 ستمبر کوعام سی پتلون اور فلپ فلاپ پہن کر صوفے پہ ننگے پاؤں بیٹھ گئے تھے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جھگڑنے سے پہلے آسکر ایوارڈ یافتہ فنکار نے مہنگی شراب پی جس کے بعد ہوش ہی کھو بیٹھے، پھر چیخنے چلانے لگے اور بات جھگڑے تک پہنچ گئی۔