اسلام آباد: پاکستان میں جہازاڑانے کے لیے برطانیہ سے امتحان پاس کرنا لازمی ہو گا۔
اس مقصد کے لیے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے برطانوی سول ایوی ایشن انٹرنیشنل کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سول ایو ی ایشن اتھارٹی پاکستان اور یو کے سول ایوی ایشن انٹرنیشنل کے درمیان باضابطہ طور پر معاہدہ طے پا گیا ہے۔
وفاقی کابینہ نے دونوں اداروں کے مابین طے پانے والے فریم ورک ایگریمنٹ کی منظوری دے دی ہے۔
دونوں اداروں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت برطانوی سول ایوی ایشن پاکستانی پائلٹس کا امتحان لینے کی مجاز ہوگی۔
اس ضمن میں طے پایا ہے کہ پہلے سال فی پیپرامتحانی فیس 90 پاؤنڈز اور دوسرے سال کی امتحانی فیس 95 پاؤنڈز ہو گی۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی پہلی دفعہ 75 فیصد اور دوسری دفعہ امتحان پر 25 فیصد ادائیگی کرے گی جب کہ تیسری مرتبہ امتحان پرپائلٹ فیس کی مکمل ادائیگی خود کرنے کا پابند ہو گا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان اور یو کے سول ایوی ایشن کے مابین طے پانے والے معاہدے کی مدت 3 سال مقرر کی گئی ہے۔