خدمت خلق فاؤنڈیشن کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں اہم پیشرفت سامنے آ گئی۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کے کے ایف کی 29 جائیدادیں ضبط کر لیں۔
ایف آئی اے نے خدمت خلق فاﺅنڈیشن کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں کارروائی کرتے ہوئے ساڑھے تین ارب روپے مالیت کی 29 جائیدادیں ضبط کرلی ہیں۔
ایف آئی اے کا کہناتھا کہ جائیدادیں کراچی کے مختلف علاقوں میں ہیں جو بھتے کی رقوم سے بنائی گئیں۔ رقوم چھ سہولت کاروں کے ذریعے لندن بھجوائی جاتی تھیں۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق فاؤنڈیشن کی جائیدادوں کے کرائے سے شہدا اوراسیران کے خاندانوں کو رقوم دی گئیں اور جعلی ناموں کے ذریعے بھی ٹرانزیکشنز کی جاتی رہیں۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2017 میں ایم کیوایم کے بانی الطاف حسین اور خدمت خلق فاؤنڈیشن منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ بعد ازاں کیس کی تحقیقات ایف آئی اے کے سپرد کردی گئی تھیں۔