سعودی شہزادہ محمد بن سلمان 17 اور18 فروری کو پاکستان کا دورہ کرینگے، دفتر خارجہ

اسلام آباد: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 17 اور  18 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق سعودی ولی عہد کے دورے کا پروگرام تبدیل نہیں ہوگا، ان کے دورے کے تمام طے شدہ پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں۔

خیال رہے کہ سعودی شہزادے کو 16 فروری کو پاکستان پہنچنا تھا تاہم اب وہ 17 فروری کو پاکستان آئیں گے۔ وزیراعظم عمران خان خود سعودی شہزادے کا استقبال کریں گے۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے بتایا تھا کہ محمد بن سلمان کو اکیس توپوں کی سلامی دی جائے گی اور پرجوش انداز میں ان کا استقبال کیا جائے گا۔

دورے کے دوران سعودی ولی عہد صدر عارف علوی اور آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے بھی ملیں گے جبکہ ان کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ اور ایوان صدر میں ظہرانہ دیا جائے گا

محمد بن سلمان کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے بھی نوازا جائے گا۔