سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرپورٹ فضائی آپریشن کے لیے کھول دیے

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کراچی،اسلام آباد،پشاور اور کوئٹہ ایئرپورٹ فضائی آپریشن کے لیے کھول دیے ہیں۔

یاد رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد دو روز قبل سی اے اے نے پاکستان کی فضائی حدود اور ہوائی اڈے کمرشل پروازوں کے لیے بند کر دیے تھے اور گزشتہ روز اس میں آج دوپہر ایک بجے تک توسیع کی گئی تھی۔

اب ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق چاروں ائیرپورٹس کمرشل پروازوں کے لیے شام 6 بجے سے آپریشنل ہوں گے۔

تاہم ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور،سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان سمیت دیگر ایئرپورٹ کھولنے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

اس حوالے سے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) نے بھی اپنی پروازوں کا شیڈول شام 6 بجے سے بحال کرنے کر دیا ہے اور مسافروں کو ٹیلی فون کرکے اس بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے۔

سعودی ائیرلائن نے بھی تصدیق کی ہے کہ ان کی پاکستان کے لیے پہلی پرواز شام 6 بجے کراچی پہنچے گی۔