وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر’بڑک‘ مارنے والی بالی ووڈ اداکارہ کی دھلائی کردی۔
بالی ووڈ کی اداکارہ پریتی زنٹا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک پیغام میں دعویٰ کیا تھا کہ یہاں امریکہ میں لوگ یہ سن کر انتہائی حیران ہیں کہ 65 سالہ پرانے روسی طیارے سے امریکی ایف – 16 طیارہ پاک بھارت سرحد پر گرادیا گیا ہے۔
بالی ووڈ اداکارہ نے اس ضمن میں کہا تھا کہ یہ سب کچھ پائلٹ کی بہترین تربیت کا نتیجہ ہے۔ پریتی زنٹا کا کہنا تھا کہ بہترین طیارہ دراصل وہ ہے جس میں بہترین پائلٹ براجمان ہے۔
Best thing #Bollywood walas can do is stop poking nose in issues beyond their understanding,majority of them haven’t even finished their School, they lack ken of very basic issues. Wars are too serious a business to be discussed by jokers who became celebrities by stroke of luck https://t.co/ReRKLdLIC7
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 1, 2019
جس پر وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بالی ووڈ اداکارہ کو نام لیے بغیر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بالی ووڈ والوں کا سب سے بہترین کام یہ ہوگا کہ وہ ہر اس معاملے میں اپنی ناک نہ گھسیڑیں جو ان کی سمجھ سے بالاتر ہے۔
انہوں نے مؤقف اپنایا کہ ان میں سے اکثریت ایسے لوگوں کی ہے جنہوں نے اپنا اسکول بھی مکمل نہیں کیا اور انہیں انتہائی بنیادی باتوں کا بھی علم نہیں ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بالی ووڈ اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جنگیں اتنا سنجیدہ موضوع ہیں کہ ان پر ایسے جوکرز کو تبصرہ نہیں کرنا چاہیے جو قسمت کے بل بوتے پر ’سلیبریٹیز‘ بن جاتے ہیں۔
بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کے جہازکو ملک کی حدود میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اس وقت گرادیا تھا جب وہ فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کی فضاؤں میں داخل ہو گیا تھا۔
آزاد کشمیرکے علاقے میں گرنے والے بھارتی جہاز کے پائلٹ جو کہ پیراشوٹ کے ذریعے جہاز سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے تھے، کو زمین پر گرنے کے بعد اس وقت پاک فوج کے جوانوں نے بچا کراپنی حفاظت میں لیا تھا جب انہیں مشتعل ہجوم نے چاروں اطراف سے گھیر لیا تھا۔
پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے طور پر پوری دنیا کے سامنے بھارتی پائلٹ کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا ہے۔