وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ چین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو اقتصادی تعلق میں تبدیل کررہے ہیں. بھارت ،افغانستان اور ایران کے ساتھ تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کا فروغ وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے۔پی ٹی آئی حکومت نے عوام کو ایک نیا اعتماد دیا ہے، ہم ملک کی اقتصادی بحالی کی کوششوں میں کامیاب ہوں گے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ملک سرکاری اداروں میں کرپشن کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ جی ڈی پی بڑھانے اور خسارہ کم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، اقتصادی بحالی بڑا چیلنج ہے، کامیاب ہوں گے، گزشتہ برسوں میں بیرونی سرمایہ کاری میں نمایاں کمی آئی، ماضی کی غلط پالیسیوں سے غریب اور پسماندہ طبقے کی مشکلات بڑھیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا ماضی کی حکومتوں نے قرضوں میں ہو شربا اضافہ کیا،مگر موجودہ حکومت کی درست معاشی پالیسیوں سے اداروں کو بہتر سمت میں گامزن کر رہے ہیں، انشااللہ اسد عمر کامیاب ہونگے۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ مشرقی اور مغربی سرحد پر کشیدہ صورتحال کا سامنا رہا ہے،وزیراعظم نے بھارت سے کہا آپ ایک قدم بڑھاؤ ہم دو بڑھائیں گے، مشرقی سرحد پر امن کیلئے ہمارے اقدامات کا مثبت جواب نہیں دیا گیا۔