وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت آج وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوگا۔ اجلاس میں 30 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں احتساب عدالت راولپنڈی کی اسلام آباد منتقلی پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں ریونیو ڈویژن ایف بی آر اصلاحات کے مجوزہ منصوبے پرکابینہ کوبریفنگ دے گا۔
وزیراعظم کی زیرصدارت منعقدہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں قومی زرعی ایمرجنسی پروگرام میں پیشرفت پرغورہوگا۔
متروکہ وقف املاک بورڈ ٹاسک فورس کا قیام کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہے جس میں اس کے چیئرمین کی تقرری پر بھی غور کیا جائےگا۔
وفاقی کابینہ کے لیے جاری کردہ 30 نکاتی ایجنڈے کے تحت ایئرلائنز، نجی چارٹرزکے لائسنسزکی منظوری اورتوسیع پرغور ہوگا۔
وفاقی کابینہ ڈیٹ پالیسی کوآرڈی نیشن آفس کے ڈی جی کے تقررکی منظوری دے گی۔ اسلام آباد کے ماسٹرپلان پرنظرثانی کمیشن میں تبدیلی بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
وفاقی کابینہ قومی انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تشکیل نو کی منظوری دے گی۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ اور اطلاعات میں یوتھ ڈیولپمنٹ معاہدہ ایجنڈےمیں شامل ہے۔
ہم نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ انٹرٹینمنٹ اور گفٹ کے لیے بجٹ ختم کرنے کی منظوری دے گی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت منعقدہ وفاقی کابینہ کے اجلاس مں کلین اینڈ گرین پاکستان اور مواصلات اسٹریٹجی تشکیل دینے کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
وفاقی کابینہ پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کے سربراہان کے تقرر کے معاملے پرغور کرے گی۔