برطانیہ کے شہر برمنگھم میں نامعلوم افراد کا 4 مساجد پر حملہ

برطانیہ کے شہر برمنگھم میں نامعلوم افراد نے 4 مساجد پر حملہ کیا اور شیشے توڑ کر بھاگ گئے جس کے نتیجے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے شہر برمنگھم میں 4 مساجد پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا، حملہ آور مساجد کے شیشے توڑ کر بھاگ گئے۔ چاروں مساجد کی 7 کھڑکیوں کے شیشوں اور 2 دروازوں کو نقصان پہنچا ہے۔ مساجد پر حملے کے بعد مقامی مسلمانوں میں خوف وہراس پھیل گیا جب کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی برطانوی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق فارنسک ایکسپرٹ جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں جب کہ پولیس کی جانب سے قریبی کیمروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

برطانوی پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے ان حملوں کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا جارہا ہے۔

دوسری جانب چیف کانسٹیبل تھامسن کا کہنا ہے کہ سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد سے ہمارے افسران مساجد، گرجا گھروں اور دوسری تمام عبادت گاہوں کا تحفظ یقینی بنانے کےلیے کام کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ: مسجد میں دہشتگردی کا واقعہ، بنگلہ دیشی کھلاڑی محفوظ

واضح رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں 2 مساجد میں فائرنگ سے 50 نمازی شہید اور 48 زخمی ہوگئے تھے جب کہ مسجد میں موجود بنگلادیشی کرکٹ ٹیم اس حملے میں بال بال بچ گئی تھی۔