بلوچستان کے ضلع میں مکان کی چھت گرنے سے ماں سمیت 5 بچے جاں بحق

بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے زندہ پیرمیں مکان کی چھت گرنے سے ماں سمیت پانچ بچے جاں بحق ہوگئے ۔

ڈپٹی کمیشنرہرنائی عظیم جان دمڑ کے مطابق واقعہ شدید بارش کے بعد لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے پیش آیا ہے۔ میتوں کو ہرنائی کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ سے کبیر شاہ نامی شخص کا ایک کمرہ مکمل طور پر ملبے تلے دب گیا جس سے جانی نقصان ہوا۔ جاں بحق ہونے والوں میں کبیرشاہ کی اہلیہ اور 5 بچے شامل ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران دو سالہ بچی کو ملبے کے نیچے سے زندہ نکال لیا گیا ہے۔

بلوچستان میں رواں برس معمول سے زیادہ بارش ہوئی ہیں اور متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے جانی ومالی نقصان بھی ہوا ہے۔ مکران، جنوبی بلوچستان، لسبیلہ اور قلعہ عبداللہ سمیت متعدد علاقے سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ سے متاثر ہوئے ہیں۔