ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک، جبکہ پنجاب اور سندھ میں گرم رہے گا

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک جبکہ جنوبی پنجاب اور سندھ میں گرم رہے گا۔ سندھ میں بعد دوپہر گردآلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج گرمی کی شدت میں قدرے اضافے کا امکان ہے۔ دوپہر کے وقت موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم شام کے وقت موسم معتدل رہے گا۔ صبح کے وقت اسلام آباد کا درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

سندھ بھر میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ کراچی کا درجہ حرارت صبح کے وقت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 63 فیصد رہا۔ آج کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے پنجاب اور آزاد کشمیر میں بھی موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ پنجاب میں صبح اور شام کے وقت موسم معتدل رہے گا جبکہ دوپہر میں درجہ حرارت بڑھنے کا اندیشہ ہے۔ آزاد کشمیر میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔

لاہور میں موسم آج بھی خشک رہے گا۔ شہر کا درجہ حرارت37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 48 فیصد رہے گا۔

خیبرپختونخوا میں موسم خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بلوچستان کے چند اضلاع میں مطلع مکمل طور پر ابر آلود رہے اور دیگر میں ہلکے بادل چھائے رہیں گے تاہم بارش کا امکان نہیں ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ سب سےزیادہ گرمی سندھ کے علاقے
چھور، مٹھی،شہید بینظیرآباد ، ٹنڈوجام، جیکب آباد، لسبیلہ، دادو، سکھر، تربت، بدین اور حیدرآباد میں پڑی۔