یہ لوگ چاہتے ہیں کہ قوم کا پیسہ ان کی جیب میں جاتا رہے اور کوئی ان سے نہ پوچھے. فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز چاہتی ہے کہ قوم کا پیسا ان کی جیب میں جاتا رہے اور کوئی ان سے نہ پوچھے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز عورتوں اور بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز نے خود کو گھر کے تہہ خانے میں چھپالیا ہے، گرفتار دو افراد نے بیان دیا ہے کہ وہ شریف فیملی کیلئے کام کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) اگر طاقت کا استعمال کرنا چاہے توکوئی انہیں نہیں روک سکتا، نیب افسران کے پاس قانون کی طاقت ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں جس طرح ن لیگ نے آپریشن کیا وہ سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ سیاست اورجرم میں فرق کریں، عوام کا لوٹا گیا پیسہ ہر صورت واپس لایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ شریف برادران چاہتے ہیں قانون ان کی مرضی کے مطابق چلے، ‏جب ان لوگوں پر ہاتھ ڈالتے ہیں تو یہ جمہوریت کے پیچھے چھپتے ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کل سے لاہور میں چلنے والے ڈرامے کے مرکزی کردار حمزہ شہباز ہیں، ان کی گرفتاری کے لیے ماڈل ٹاؤن میں آپریشن ہورہا ہے۔