وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں 19 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ کے سربراہ اور جینکو ون، ٹو، تھری کے سربراہان کی تعیناتی بھی ایجنڈے کا حصہ ہوگی۔ جبکہ سی ای او اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی تعیناتی کی منظوری اور انفارمیشن کمیشن کے ارکان کی تنخواہ کا تعین بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مہلک بیماریوں کے علاج کے پروگرام کی بحالی، پیپرا رولز 2004 میں ترامیم اور فیصل آباد میں آبی وسائل کیلئے فرانس سے 94 ملین یورو قرض معاہدے کی منظوری کے امور بھی زیرغور آئیں گے۔
اجلاس میں عابد حسین، افروز عالم لہری نامی افراد کو یو اے ای، سعودی عرب کے حوالے کرنے کا جائزہ لیا جائے گا۔ جبکہ فارمیسی کی تعلیم کے اداروں کے الحاق اور سرکاری افسران کی دہری شہریت سے متعلق عدالتی فیصلے پر بھی جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان میڈیا یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دی جائے گی۔ علاوہ ازیں اجلاس میں آٹھویں ویج بورڈ کے چیئرمین کی تعیناتی کی شرائط طے کی جائیں گی۔