ہفتے کے تیسرے روز اسٹاک مارکیٹ میں مثبت آغاز

کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں بہتری دیکھی جارہی ہے اور آج بازار کھلتے ہی انڈیکس میں 300 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی صورتحال بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہے اور گزشتہ تین دن میں مجموعی طور پر انڈیکس سات سو دس پوائنٹ اوپر گیا ہے۔

بدھ کے روز اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر ہنڈرڈ انڈیکس 34 ہزار 307 پر تھا اور خبر فائل ہونے تک تین سو پوائنٹ کا اضافہ ہوچکا تھا۔

اسٹاک مارکیٹ سے آخری خبر آنے تک انڈیکس 34611 پر ٹریڈ کر رہا تھا اور 31,570,620 شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مالیت 1,238,925,515 پاکستانی روپے ہے۔

منگل کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 310 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور سوموار کے روز بھی انڈیکس 95 پوائنٹ اوپر گیا تھا۔

کاروباری ہفتے کے پہلے روز جب مارکیٹ کھلی تو انڈیکس 33901 پر تھا اور منگل روز کاروبار کا آغاز 33996 سے ہوا۔ ہفتے کے دوسرے روز مارکیٹ کا اختتام 34 ہزار 307 پر ہوا تھا۔