پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج شدید تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ کے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبار کے آغاز پر ہی 551 پوائنٹس کا اضافہ ہو گیا۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز 40 ہزار 57 پوائنٹس پر ہوا تاہم کچھ ہی دیر میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 534 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور 100 انڈیکس 40 ہزار 592 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
کے ایس ای 100 انڈیکس میں ابتدائی ایک گھنٹے میں 551 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور مارکیٹ 40 ہزار 609 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتی دیکھی گئی۔
مارکیٹ میں ابتدائی ایک گھنٹے میں کاروبار کے دوران 28,406,070 شیئرز کی لین ہوئی جس کی مالیت پاکستانی روپوں میں 1,503,499,005 بنتی ہے۔
گزشتہ روز وفاقی حکومت کی جانب سے منی بجٹ پیش کیا گیا ہے جس میں ٹیکسز کی شرح کم کر دی گئی۔ سرمایہ داروں کا کہنا ہے کہ منی بجٹ پیش کیے جانے کی وجہ سے مارکیٹ میں تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔
گزشتہ روز بھی کے ایس ای 100 انڈیکس مثبت زون میں ٹریڈ کرتا رہا اور کاروبار کے اختتام پر کے ایس ہی 100 انڈیکس میں 155 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا۔