ڈزنی کی اینی میٹڈ فلم فروزن ٹو کا ریکارڈ توڑ بزنس

ڈزنی فلمز کی اینی میٹڈ تخلیق فروزن ٹو نے چند ہی دنوں میں 20 کروڑ ڈالرز کا صرف امریکا میں کاروبار کرکے نیا ریکارڈ بنا دیا۔ اس سے پہلے کسی اینی میٹڈ فلم کے سیکوئل نے ریلیز کے بعد اس قدر کمائی نہیں کی تھی۔

پچھلے ہفتے ہی یہ اینی میٹڈ فلم سنیما گھروں کی زینت بنی تھی اور بچے اور بڑے تو جیسے پہلے حصے کی طرح اس سیکوئل کے دیوانے ہو گئے۔ فلم پنڈتوں کے مطابق مووی نے ریلیز کے چند ہی دنوں میں بیس کروڑ ڈالرز صرف امریکا سے ہی بٹور لیے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اب تک ڈزنی کی کسی اینی میٹڈ فلم کے سیکوئل نے اس قدر کمائی نہیں کی جبکہ تھینکس گیونگ ڈے پر ڈیڑہ کروڑ ڈالرز کا کاروبار کیا جو اس دن کی مناسبت سے نیا ریکارڈ ہے۔

توقع کی جارہی ہے کہ ہالی وڈ کی یہ تخلیق دنیا بھر میں جو 60 کروڑ ڈالرز کھڑکی توڑ کمائی کر چکی ہے کچھ اور نئے ریکارڈ بنائے گی۔