رنویر سنگھ کی ایکشن فلم سمبا کا ٹریلر جاری کردیا

بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ کی ایکشن سے بھرپور فلم ’سمبا‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔

ہدایتکار روہت شیٹھی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’سمبا ‘ میں رنویر سنگھ کے مد مقابل سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان ڈیبیو کر رہی ہیں۔

بھارتی تجزیہ نگار ترن ادارش نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹریلر ریلیز کرتے ہوئے لکھا ’انٹرٹینمنٹ‘، ’انٹرٹینمنٹ‘، ’انٹرٹینمنٹ‘، تقریباً 3 منٹ کا ٹریلر ایکشن سے بھرپور ہے جس میں کامیڈی کا تڑکا بھی شامل کیا گیا ہے جب کہ آخر میں ایکشن ہیرو اجے دیوگن کی انٹری بھی دکھائی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے نامور ہدایت کار روہت شیٹھی نے اجے دیوگن کے ساتھ ’سنگھم‘ اور ’سنگھم ٹو‘ بنائی تھی تاہم اس بار انہوں نے رنویر سنگھ کا انتخاب کیا جب کہ اس فلم کی کہانی بھی سنگھم سے جڑی ہوئی ہے جب کہ فلم میں اجے دیوگن کے علاوہ روہت شیٹھی کی فلم ’گول مال‘ کی ٹیم بھی مختصر کرداروں میں دکھائی دے گی۔

دھرما پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی فلم ’سمبا ‘ 28 دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔