پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پاکستان میں ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کو بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ٹک ٹاک انتظامیہ نے پاکستان کو غیر اخلاقی مواد کو روکنے کی یقین دہانی کرا دی جس کے بعد پاکستان نے ٹک ٹاک کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹک ٹاک انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستانی قوانین کو مکمل فالو کریں گے اور غیراخلافی مواد کو روکنے کے لیے تمام تر اقدامات کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ٹک ٹاک پر پابندی ہٹانے کا نوٹیفکیشن آج ہی جاری کر دیا جائے گا۔
گزشتہ ہفتے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے چین کی مشہور ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کی تھی۔ جس پرترجمان پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک پر غیراخلاقی اور نامناسب مواد شیئر کرنے کی وجہ سے پابندی عائد کی گئی۔
پی ٹی اے نے ٹک ٹاک پر پابندی عوامی شکایات کے بعد لگائی۔
پی ٹی اے نے ٹک ٹاک کو فائنل نوٹس اور جواب داخل کرانے کی مہلت دی تھی تاہم ٹک ٹاک کی جانب سے شکایات کا ازالہ نہ کرنے پر پابندی لگائی گئی۔