سلمان خان کی فلم بھارت کا پہلا ٹیزر جاری

بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کی فلم’’بھارت‘‘کا دھماکے دار ٹیزر جاری کردیاگیا جس نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی ہے۔

بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کی فلم’’بھارت‘‘کا انتظار شائقین بے صبری سے کررہے ہیں طویل انتظار کےبعد فلم کا ٹیزر ریلیز کردیاگیا ہے جس میں بہت عرصے بعد سلمان خان مصالحہ ہندی فلم کے ہیرو کے روپ میں نظر آرہے ہیں۔

تقریباً ایک منٹ 26 سیکنڈ کے ٹیزر کی ابتدا برصغیر کی تقسیم کے مناظر سے ہوتی ہے۔ ٹیزر میں سلمان خان بہت ہی جاندار مکالمے اداکرتے ہوئے اور مختلف روپ میں نظر آرہے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فلم کی کہانی اورسلمان خان کا کردار نہایت دلچسپ ہے۔

فلم کے دھماکے دار ٹیزر پر تبصرہ کرتے ہوئے صارفین کا کہنا ہے کہ بہت عرصے بعد سلمان خان کی اتنی شاندار فلم آرہی ہے جب کہ شائقین ٹیزر دیکھ کر ہی فلم’’بھارت‘‘ کو سپر ہٹ قرار دے چکے ہیں۔

فلم کی ہدایت علی عباس ظفر نے دی ہے جو اس سے قبل سلمان خان کے ساتھ ’’سلطان‘‘اور’’ٹائیگر زندہ ہے‘‘جیسی کامیاب فلمیں بناچکے ہیں۔ فلم میں سلمان خان کے ہمراہ مرکزی کردار میں اداکارہ کترینہ کیف نظر آئیں گی۔ فلم عیدالفطر کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔