سپر ہیرو شازم امریکی باکس آفس پر دوسرے ہفتے بھی نمبر ون پوزیشن پر برقرار

سپر ہیرو کے ایڈونچر سے بھرپور شازم امریکی باکس آفس پر دوسرے ہفتے بھی نمبر ون کی پوزیشن پر برقرار ہے۔

تفصیلات کے مطابق فلم شازم کا دوسرے ہفتے بھی امریکی باکس آفس پر جادو برقرار رہا، سپرہیرو فلم نے مزید چھتیس ارب روپے کا بزنس کرلیا۔ شازم گذشتہ ایک ماہ میں وہ واحد فلم ہے جو نارتھ امریکن باکس آفس پر دوسرے ہفتے بھی سرفہرست ہے۔ فلم نےمزید ڈھائی کروڑ ڈالرز کی کمائی کر لی ہے۔

ہدایتکار ڈیوڈ ایف سینڈ برگ کی اس سنسنی خیز فلم کی کہانی ایک ایسے لڑکے کے گرد گھوم رہی ہے جسے اچانک جادوئی طاقت کے ذریعے بے پناہ طاقت مل جاتی ہے، لڑکا غیر معمولی طاقت کے ملتے ہی مضبوط جسامت والے نوجوان کا روپ دھار لیتا جسے اس کے دوست تک پہنچان نہیں پاتے۔

اس ہفتے دوسرے نمبر پر آنے والی فلم لٹل ہے اور یہ بھی غیر معمولی صلاحیت کی حامل لڑکی کی کہانی پیش کررہی ہے جس کے حصے میں ریلیز کے ساتھ ہی ایک کروڑ پچپن لاکھ ڈالرزآئے۔خوف اور ایکشن سے بھری ایڈونچر تخلیق ہیل بوائے اس ہفتے تیسرے نمبر پر رہی جو اپنے سلسلے کی تیسری فلم ریلیز پر پچھلی دو فلموں کی طرح متاثر کن ثابت نہیں ہوئی، ہیل بوائے نے پہلے ہفتے ایک کروڑ بیس لاکھ ڈالرز کمائے ہیں۔

رواں ہفتے چوتھے نمبر پر رہنے والی دہشت اور لرزہ خیز فلم پیٹ سیمٹری کی پسندیدگی کا گراف بھی کم نہیں ہورہا ۔ فلم نے رواں ہفتے مزید ایک کروڑ ڈالرز اضافی سمیٹے۔

نٹ کھٹ شرارتی ہاتھی ڈمبو نے پرستاروں کے دل جیتے ہوئے ہیں اور اسی بنا پر فلم نے مزید باون لاکھ ڈالرز کا کاروبار کرکے اس ہفتے پانچویں پوزیشن مستحکم کرلی ہے۔