ریاض: سعودی عرب کے مفتی اعظم الشیخ عبدالعزیز آل الشیخ نےاعلان کیا ہے کہ اگر کورونا وائرس کی وبا جاری رہی تو نماز تراویح اور عید الفطر گھروں ہی میں ادا کی جائے گی۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سال رمضان المبارک کی تروایح مسلمان اپنے گھروں میں ادا کریں کیونکہ متعلقہ حکام نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر تراویح مساجد اہتمام کرانے سے منع کیا ہے۔
عیدالفطر کی نماز گھروں میں ادا کرنے سے متعلق ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کورونا کے پیش نظر نماز عید کھلی جگہوں اور مساجد میں ادا نہ کی جا سکی تو ایسے میں خطبہ کے بغیر لوگ اسے گھروں میں ادا کریں۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کی حکومت نے عالمی وبا کورونا وائرس کوویڈ 19 کے پیش نظر رمضان میں مساجد میں نماز تراویح کا اہتمام نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جب تک کورونا کی وبا ختم نہیں ہو جاتی تب تک مساجد میں نماز پر پابندی ہو گی۔
سعودی حکومت نے لوگوں کو گھروں میں تروایح اوردیگر نمازیں پڑھنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب سعودی حکومت نے نماز جنازہ کے دوران پانچ، چھ لوگوں سے زائد کے جمع ہونے پر بھی پابندی لگا دی ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں آج کورونا کے 762 نئے مریضوں کی تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد ملک میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 7 ہزار 142 ہو گئی ہے۔
سعودی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 4 مریض جان کی بازی ہار گئے، کورونا سےمرنےوالےمریضوں کی تعداد 87 ہو گئی ہے۔