اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل ا سٹاف کی تعداد 882 تک پہنچ گئی ہے۔
کوروناوائرس سے 24 گھنٹوں میں مزید 99 ہیلتھ کئیر ورکرز متاثر ہوئے ہیں۔
وزارت نیشنل ہیلتھ اینڈ ایمرجنسی سروس کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق اب تک ڈاکٹرز سمیت طبی عملے کے 11 افراد کورونا سے جان کی بازی ہار گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اب تک 466 ڈاکٹرز کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 264 ہیلتھ کئیر ورکرز متاثر ہوئے۔
پنجاب 184، بلوچستان 143 اورسندھ میں 172 ہیلتھ کئیر ورکرز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ کورونا وائرس سے اسلام آباد میں 91 ہیلتھ کئیر ورکرز متاثر ہوئے ہیں۔
کورونا سے متاثرہ نرسز کی تعداد 142 تک پہنچ گئی ہے جب کہ طبی عملے کے دیگر 274 افراد بھی کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 532 افراد گھروں اور دیگر مقامات پر قرنطینہ کیے گئے ہیں جب کہ تمام زیر علاج افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ملک بھر میں 197 ہیلتھ کئیر ورکرز نے کورونا کو شکست دی ہے اور انہیں ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ میڈیکل سے وابستہ 142 افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا جس کے ایک ماہ بعد یعنی 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔