کورونا کے خلاف جنگ میں سندھ پولیس کا سب انسپکٹر زندگی کی بازی ہار گیا۔

کراچی: کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں سندھ پولیس کے سب انسپکٹر محمد حنیف زندگی کی بازی ہار گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے ملیر میں تعینات سب انسپکٹر محمد حنیف کورونا وائرس کا شکار ہوکر شہید ہوگئے۔

وفات سے قبل سب انسپکٹر حنیف کی جانب سے جناح اسپتال میں بنائی گئی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، ویڈیو میں شہید سب انسپکٹر کو محکمے کے افسران سے داد رسی نہ ہونے کا شکوہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

شہید سب انسپکٹر محمد حنیف کے 24 اپریل کو ریکارڈ کیے گئے ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیسٹ کرانے آیا ہوں کسی نے صبح سے نہیں پوچھا۔

ویلفیئر حکام کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں ضلعی سطح پر محکمے کے فوکل پرسن مقرر ہیں، سب انسپکٹر حنیف کا کیس علم میں آنے کے بعد محکمے نے مستقل داد رسی کی۔

جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کا اس بابت کہنا ہے کہ سب انسپکٹر محمد حنیف نام کا کوئی بندہ اسپتال نہیں آیا۔

سیمی جمالی نے کہا کہ اسپتال میں کوئی پرائیویٹ ٹیسٹ نہیں ہوتا، سرکاری ٹیسٹ ہوتا ہے جس کا کوئی پیسہ نہیں لیا جاتا۔