اسلام آباد:عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے پوری دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 44 لاکھ 29 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد دو لاکھ 98 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
ایجنسیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 16 لاکھ 58 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔
اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 22 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 31 ہزار 1 سو سے زائد ہو گئی ہے۔
اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 71 ہزارسے زائد ہو گئی ہے۔ اس طرح اسپین میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 27 ہزار 1 سو سے بڑھ گئی ہے۔
برطانیہ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 29 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 33 ہزار 1سو سے زائد افراد نے داعی اجل کو لبیک کہا ہے۔
فرانس میں ایک لاکھ 78 ہزار سے زائد افراد اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 27 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
ترکی میں مہلک وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد تین ہزار 900 سے تجاوز کرگئی ہے اور ایک لاکھ 43 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
جرمنی میں بھی کورونا کے باعث اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اب تک سات ہزار 861 سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔ کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد ایک لاکھ 74 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔