کورونا وائرس: دنیا بھر میں 57 لاکھ 90 ہزار سے زائد افراد متاثر۔

دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد 57 لاکھ 90 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ تین لاکھ 57 ہزار 432 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

24 لاکھ 97 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست دے کر صحت یاب ہوچکے ہیں۔

امریکہ میں کورونا سے مزید 443 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد اموات کی تعداد ایک لاکھ 2 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔

کورونا کے مریضوں کی تعداد 17 لاکھ 45 ہزار سے بڑھ گئی ہے اور چار لاکھ 90 ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں

برازیل کورونا وائرس متاثرین کی ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

برازیل میں 24 گھنٹے کے دوران مزید 386 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ایک دن میں 4 ہزار سے زائد نئے کیسز کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 14 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 25 ہزار 697 ہوگئی ہے۔

روس میں کورونا وائرس سے مزید 92 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 9 سو سے تجاوز گئی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد تین لاکھ 70 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

کورونا سے اسپین میں مزید 74 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 27 ہزار سے بڑھ گئی جبکہ 2 لاکھ 83 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔

وبا سے نمٹنے میں ناکامی پر اسپین میں حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں۔ مظاہرین نے برتن بجا کر حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔

برطانیہ میں کورونا مزید 121 جانیں نگل گیا اور مجموعی اموات 37 ہزار سے بڑھ گئی ہیں جبکہ دو لاکھ 67 ہزار سے زائد مریضوں میں کورونا کی تشخیص ہو چکی ہے۔

اٹلی میں کورونا وبا سے مزید 92 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 33 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 31 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

فرانس میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 28 ہزار 5 سو سے بڑھ گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 82 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔