عدالتی کارروائی کے دوران سابق اٹارنی بے ہوش

سپریم کورٹ میں عدالتی کارروائی کے دوران سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف بے ہوش ہوکر گر پڑے ہیں، جنہیں طبی امداد کے لئے پولی کلینک اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں شیخ رشید کے خلاف توہین عدالت درخواست کی سماعت چل رہی تھی کہ سماعت کے دوران سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کمرہ عدالت میں بے ہوش ہو کر گر پڑے، جس کے باعث عدالتی کاروائی میں پانچ منٹ کا وقفہ کیاگیا اور کمرہ عدالت میں ڈاکٹر کو بلایا گیا۔

مگر طبیعت نہ سنبھلنے کے باعث فوری طور پر ایمبولینس کو طلب کیا گیا، اور سابق اٹارنی جنرل کو پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب اشتر اوصاف کی طبیعت ناسازی کے باعث سپریم کورٹ کے کمرہ نمبر دو میں زیر سماعت آج کے تمام مقدمات ملتوی کر دیئے گئے ہیں، ملتوی شدہ کیسز میں آئی جی اسلام آباد توہین عدالت کیس، شیخ رشید کے خلاف توہین عدالت کیس اور شہباز شریف فواد حسن فواد کی ضمانت کے کیسز شامل ہیں۔