وزیراعظم عمران خان سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی ملاقات۔

وزیر اعظم عمران خان سے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کی قیادت میں ایرانی وفد کی ملاقات ہوئی ہے جس میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیاہے ۔
پاکستان کے وزیر خارجہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی بھی ملاقات میں موجود تھے۔

اس ملاقات سے قبل وزارت خارجہ میں پاکستان اور ایران کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے ۔ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف اپنے وفد کے ہمراہ وزارتِ خارجہ پہنچے جہاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے معزز مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔

پاکستان اور ایران کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت مخدوم شاہ محمود قریشی جبکہ ایرانی وفد کی قیادت جواد ظریف نے کی ۔

وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں پاک ایران تعلقات ،علاقائی سلامتی سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فریقین نے وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ ء ایران کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دو طرفہ معاملات پر تعاون بدستور جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔پاکستان تمام تصفیہ طلب امور کو سفارتی سطح پر حل کرنے کا حامی ہے-تمام اسٹیک ہولڈرز کو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے ۔

شاہ م محمود نے کہا پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام اور کشیدگی میں کمی کیلئے اپنا مصالحانہ کردار ادا کرنے کیلئے کوشاں رہے گا ۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا کہ خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔