وفاقی حکومت نے نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل تشکیل دے دی ہے جس کی سربراہی وزیراعظم عمران خان کریں گے۔
قومی ترقیاتی کونسل 13 ارکان پر مشتمل ہوگی، ان ممبران میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت وزیر خارجہ، مشیر خزانہ، وزیرمنصوبہ بندی، مشیر تجارت، وزیراعظم کے سیکرٹری و ایڈیشنل سیکرٹری، سیکرٹری خارجہ، سیکرٹری منصوبہ بندی اور سیکرٹری خزانہ شامل ہیں۔
این ڈی سی اجلاس میں وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان ، وزراء اور دیگر کو شرکت کے لیے بوقت ضرورت دعوت دی جائے گی۔
وزیراعظم کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل کے قیام کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل قومی ترقی کے لیے پالیسیاں اور حکمت عملی تشکیل دے گی جب کہ کونسل قومی اور علاقائی تعاون کے لیے گائیڈ لائنز دے گی۔