وزیراعظم عمران خان نے ارکان پارلیمنٹ کو پروڈکشن آرڈر کے قوانین میں ترمیم کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کیسز میں ملوث قیدیوں کو پروڈکشن آرڈر اور جیل میں سیاسی قیدی کا درجہ نہیں ملنا چاہیے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ میں حج پالیسی 2019 کی منظوری دے دی گئی ہے،ساتھ ہی پروڈکشن آرڈر کے قوانین میں ترمیم کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے شرکا کو تجویز دی کہ پروڈکشن آرڈر کے قانون میں ترمیم کی جائے اس پر کابینہ اجلاس میں اتفاق کرلیا گیاہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ منی لانڈرنگ اور کرپشن میں ملوث ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہونے چاہئیں،ارکان پروڈکشن آرڈر کا غلط فائدہ اٹھاتے ہیں اس لیے اس کے قانون میں ترمیم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ منی لانڈرر اور کرپشن کے مجرموں کو جیلوں میں بھی سیاسی قیدی کا پروٹوکول نہ دیاجائے۔ وزیر اعظم عمران خان نے دورہ امریکہ بارے بھی کابینہ کو اعتماد میں لیا۔