وفاقی کابینہ نے گزشتہ دس برسوں کے دوران ہونے والے بیرونی خرچوں کے اخراجات سابق حکمرانوں سے وصول کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ کابینہ نے ای سی سی کے 17 جولائی کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی کردی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہو۔ا کابینہ ارکان کو دورہ امریکہ سے متعلق بریفنگ دی گئی جبکہ وزیراعظم نے دورہ امریکہ سے متعلق اعتماد میں لیا۔ کابینہ ارکان نے کامیاب دورے پر وزیراعظم کو مبارکباد بھی پیش کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیراعظم کو امریکہ میں اتنی پذیرائی ملی۔ امریکی قیادت پر واضح کردیا گیا کہ دورہ امداد کیلئے نہیں بلکہ پاکستان تجارت چاہتا ہے۔
وزیراعظم نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دورہ امریکہ کے دوران مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کی کوشش کی کیونکہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے۔ امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا کامیاب دورہ تھا، جس کے دوران امریکی صدر نے پاکستان کے دورے کی دعوت قبول کرلی، وہ جلد پاکستان آئیں گے۔
وفاقی کابینہ نے 17 جولائی کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والوں فیصلوں کی توثیق کردی، جبکہ آٹھویں ویج بورڈ ایوارڈ میں چار ماہ کی توسیع اور پاسپورٹ سے پیشہ کا کالم ختم کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔