وفاقی کابینہ نے بھارت کے ساتھ دوطرفہ تجارت معطل کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کے ردعمل میں بھارت سے درآمدات اور برآمدات پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہےتاہم اس پابندی سے افغانستان کے ساتھ ہونے والی تجارت متاثر نہیں ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے سمجھوتہ ایکسپریس اور تھر ایکسپریس بند کرنے کا معاملہ کابینہ اجلاس میں رکھ دیا، کابینہ نے سمجھوتہ ایکسپریس اور تھر ایکسپریس بند کرنے کے فیصلے کی توثیق کردی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت سے دوطرفہ تجارت معطل کرنے اور سفارتی تعلقات محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔