برصغیر پاک و ہند کے نامور صوفی بزرگ بابا بلھے شاہ کے 262 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات آج سے قصور میں شروع ہوگئیں۔عرس کی تقریبات 26 اگست تک جاری رہیں گی۔
تفصیلات کے مطابق حضرت بابا بلھے شاہ کے سالانہ عرس کی تین رزہ تقریبات عقیدت واحترام کے ساتھ آج سے قصور میں شروع ہوگئیں ہیں جو 26 اگست رات 12 بجے تک جاری رہیں گی۔ درگاہ پر پاکستان سے ہی نہیں بیرون ممالک سے بھی زائرین اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد حاضری کیلئے آتی ہے جو ڈھول کی تھاپ پر دھمالیں ڈالتے ہوئے چادر پوشی کرتی ہے۔
عرس کے موقع پر سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں جسکا ماسٹر پلان جاری کردیا گیا ہے، 1200 پولیس افسران و اہلکاران تین شفٹوں میں ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ محکمہ اوقاف اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے لیے کیمرے نصب کر دئیے گئے ہیں۔ تقریبات کے دوران محفل سماع، مشاعرہ، ہیرگائیکی اور مجلس بلھے شاہ کا انعقاد کیا جائے گا۔