وزیرخارجہ شاہ محمود کی زیرصدارت “کشمیر سیل” کا تیسرا باضابطہ اجلاس ہوا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان، مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں نہتے مظلوم انسانوں کے مقدمے کو دنیا بھر کے سامنے پیش کریں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر تشکیل دیئے گئے “کشمیر سیل” کا تیسرا باضابطہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون، معاون خصوصی برائے اطلاعات، سول و عسکری حکام اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
وزیر خارجہ نے اجلاس کے شرکاء کو اپنے حالیہ دورہ جنیوا اور اس میں ہونے والی میٹنگز کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی دنیا نے جس طرح مقبوضہ جموں و کشمیر کی گھمبیر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا وہ غیر معمولی ہے۔ کشمیر کی حمایت میں 58 ممالک کا مشترکہ بیان جاری ہونا انتہائی حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی طرف سے بھی مثبت ردعمل سامنے آرہا ہے اور اب کشمیر پہلی دفعہ یورپین پارلیمنٹ میں بطور ایجنڈا زیربحث آئے گا۔
وزیرخارجہ نے بتایا کہ رواں ماہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اعظم مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم انسانوں کے مقدمے کو دنیا بھر کے سامنے پیش کریں گے۔
شرکائے اجلاس نے کامیاب سفارتکاری کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں نہتے انسانوں پر جاری بھارتی مظالم پر، قوام عالم کی توجہ مبذول کروانے پر وزیر خارجہ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔