شمالی وزیرستان اور دیر میں دہشت گردوں کی فائرنگ، 4 جوان شہید

پاک افغان باڈر پر دہشت گردوں کی سرحد پار سے فائرنگ میں پاک فوج کے چار سپاہی شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق مغربی سرحد پر دو واقعات میں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے۔ شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں گزشتہ رات دیر گئے اباخیل کے قریب سیکیورٹی فورسز کی پارٹی معمول کے گشت پر تھی کہ شرپسندوں نے اس پر فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا سپاہی اخترحسین شہید ہوگیا اور جوابی کارروائی میں 2 شرپسند بھی مار ے گئے۔ 23 سالہ سپاہی اختر حسین کا تعلق ڈسٹرکٹ بلتستان سے تھا۔

دوسرے واقعہ میں دیر کے علاقے میں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں نے باڑ لگانے میں مصروف پاک فوج کے دستوں پر فائرنگ کی جس سے 3 فوجی جوان شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

شہید ہونے والوں میں لانس نائیک سید امین آفریدی، لانس نائیک محمد شعیب سواتی اور سپاہی کاشف علی شامل ہیں۔