ضحیٰ ملک شیر سی ایس ایس کا امتحان پاس کرنے والی اپنے گھر کی پانچویں خاتون

ضحیٰ ملک شیر نے سی ایس ایس 2019 میں کامیابی حاصل کر کے اپنے گھر والوں کا نام روشن کر دیا، وہ اپنے گھر کی پانچویں بیٹی ہیں جنہوں نے سی ایس ایس کا امتحان پاس کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضحیٰ ملک شیر سی ایس ایس 2019 میں کامیاب ہونے والی ایک ہی گھر کی پانچویں بہن ہیں۔اس خاندان نےمقابلے کا امتحان پاس کر کے سی ایس ایس کی تاریخ کا یہ منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔

فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے تحت ہونے والے سی ایس ایس کے امتحان دو ہزار انیس میں 139 ویں نمبر پر آنے والی ضحیٰ ملک اپنے گھر کی پانچویں بہن ہیں جو مقابلے کا امتحان پاس کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔اس سے قبل ضحیٰ کی چار بڑی بہنیں لیلی ملک، شیریں ملک، سسی ملک، ماروی ملک بھی سی ایس ایس امتحان پاس کر کے مختلف سرکاری عہدوں پر فائز ہیں۔

ضحیٰ کی بڑی بہن لیلیٰ 2008 کے سی ایس ایس امتحان میں کامیاب ہوئیں تھیں اور ابھی وہ کراچی میں بورڈ آف ریونیو میں ڈپٹی کمشنر تعینات ہیں۔ شیریں ملک 2010 کے امتحان کے امتحان میں کامیاب ہوئیں اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہیں۔

ضحیٰ ملک شیر کی دیگر دو بہنیں سسی ملک اور ماروی ملک 2017 کے امتحان میں کامیاب رہیں ، سسی ملک سی سی او لاہور کنٹونمنٹ جبکہ ماروی ملک اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد ہیں ۔

سی ایس ایس امتحان میں کامیابی کے بعد ضحیٰ ملک کو ہر طرف سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہورہے ہیں۔ ضحیٰ کے والد محمد رفیق اعوان واپڈا کے ریٹائرڈ افسر ہیں جن کا تعلق خیبر پختونخوا کے ہزارہ ڈویژن کے تربیلا شہر سے ہے جو کئی سال قبل ملازمت کے سلسلے میں راولپنڈی مقیم ہوگئے تھے۔

ضحیٰ نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’ہمارے معاشرے میں بیٹیوں کی پیدائش پر اکثر افسوس کا اظہار کیا جاتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ میری پیدائش کے بعد سب رشتے داروں والد کو سب نے روتے ہوئے بتایا کہ آپ کی پانچویں بیٹی ہوئی ہے۔ اُن کے گھر مسلسل پانچویں بیٹی کی پیدائش پراُن کے رشتہ دار افسردہ تھے۔

ضحیٰ ملک نے کہا کہ ان کے والد کا یہی عزم تھا کہ وہ اپنی بیٹیوں کو اس قدر لائق بنائیں گے دنیا مثال دے گی ۔ ضحیٰ ملک کے مطابق والد اب کہتے ہیں کہ تمہاری پیدائش کی مبارک بادیں تمہیں آج مل رہی ہیں۔