سی پیک کا پہلا مرحلہ مکمل، مغربی روٹ پر کام تیز کرنے کا فیصلہ

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا ہے اور حکومت نے سی پیک کے مغربی روٹ پر کام تیز کرنے کا فیصلہ کیاہے۔

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل پر اعلیٰ سطح کا چینی وفد پاکستان پہنچا۔ وفاقی وزیر مراد سعید سے ملاقات کے دوران چینی وفد کا کہنا تھا کہ منصوبے پر وزارت مواصلات نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے پر سی پیک جوائنٹ ورکنگ گروپ کا اعلیٰ سطح کا چینی وفد پاکستان پہنچا،جہاں وفد نے وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران سی پیک منصوبے کے دوسرے مرحلے میں مغربی روٹ پر کام تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ملاقات میں ٹرانسپورٹ انفرا اسٹرکچر کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے دوسرے مرحلے میں مغربی روٹ پر 12 سو 70 کلو میٹر کی شاہراہیں تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ گلگت سے چترال اور ڈیری غازی خان سے ژوب تک شاہراہیں تعمیر ہوں گی۔ پشاور تا ڈیرہ غازی خان، سوات ایکسپریس وے فیز 2 سمیت قراقرم ہائی وے پر کام ہوگا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے بھی چینی انجینئرز کی محنت، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا، انہوں نے کہا کہ سی پیک کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا اولین ترجیح ہے، سی پیک سے ملازمتوں کے مواقع، انفرا اسٹرکچر اور کاروبار کو فروغ ملے گا۔