آصف زرداری بڑے دل کے آدمی ہیں وہ کرپشن تقسیم کرتے ہیں۔ وزیر ریلوے

وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ آصف زرداری آئندہ ہفتے سے پلی بارگین کرتے ہوئے پیسے دینا شروع کردیں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ آصف زرداری، شہبازشریف اور خورشید شاہ کے کیسز سیریس ہیں یہ پلی بارگین سے حل ہوں گے، آصف زرداری بڑے دل کے آدمی ہیں وہ کرپشن تقسیم کرتے ہیں، آصف زرداری کی تین چار ماہ میں تمام کیسز میں پلی بارگین ہوگی۔

شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان نے نواز شریف کو انسانی بنیادوں پر کل یا پرسوں بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے، ایک ایمبولینس قطر میں تیار کھڑی ہے بعض علاج ایسے ہوتے ہیں جن کا بد قسمتی سے پاکستان میں علاج نہیں ہوتا، عمران خان نے نوازشریف کو ڈھیل دے کر گیند ان کے کورٹ میں بھیج دی ہے اس معاشرے میں کوئی بڑے آدمی کو جیل میں نہیں رکھ سکتا۔

سانحہ تیز گام ایکسپریس کے حوالے سے وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ لیاقت پور میں انسانی جانیں ضائع ہو ئیں، تمام کا ڈی این ہوگیا ہے جب کہ دو فیملیز نے ڈی این نے کروانے سے انکار کیا ہے۔