افغان صدر کی حالیہ ٹویٹ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے:فردوس عاشق

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ افغان صدراشرف غنی کی حالیہ ٹویٹ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے۔

اپنے ٹوئٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ افغان قیادت کو ایسے بیانات سے پہلے بین الاقوامی تعلقات میں عدم مداخلت کے اصولوں کو پیش نظر رکھنا چاہیے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان خطے میں امن واستحکام کا داعی ہے،افغانستان میں قیام امن کے مشترکہ مقصد کے حصول کیلئےملکرکام کرنے کے خواہاں ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان خود مختار ریاست ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ آئین پاکستان سے منحرف عناصر کے ساتھ قانون کے مطابق کارروائی کرنا پاکستان کا قانون ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ کسی اور ملک کا دوسرے ملک میں قانون کی بالادستی کے خلاف بات کرنا سفارتی تقاضوں کے منافی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج اور غیور عوام نے اپنے لہو سے سے امن کے دیے روشن کیے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ کسی شر پسند کو امن سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،شرپسندوں کے خلاف قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔