کراچی میں سندھ ہائیکورٹ نے حکومت سندھ کو صحافیوں کی ڈبل سواری سے متعلق پابندی پر نظر ثانی کرنے کی ہدایت کردی۔
سندھ ہائیکورٹ میں صحافیوں کی ڈبل سواری سے متعلق پابندی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، دوران سماعت ایڈیشل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ میڈیکل ایمرجنسی میں ڈبل سواری کی اجازت ہے جبکہ پنجاب اور کے پی کے میں بھی ڈبل سواری پر پابندی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے صحافیوں اور خاتوں فیملی ممبر کے ساتھ ڈبل سواری پر اجازت دی تھی مگر عوام کی جانب سے اجازت کا غلط استعمال کیا گیا جس پر دوبارہ پابندی عائد کردی گئی۔
اس پر فوکل پرسن اے آئی جی لیگل نے عدالت کو بتایا کے پولیس کو بھی ڈبل سواری پر پابندی کی وجہ سے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کورونا وائرس کی وجہ سے محکمہ داخلہ سندھ نے پابندی عائد کی ہے مجبورا عملدرآمد کررہے ہیں۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ صحافی ایک اہم طبقہ ہے سندھ حکومت کو پابندی لگانے سے پہلے سوچنا چاہئے تھا، مارکٹیں کھول دی گئیں ہیں، لاک ڈاؤن میں نرمی کردی گئی تو پھر ڈبل سواری پر پابندی کے معاملے پر بھی نظر ثانی کرنی چاہئے،جس پر عدالت نے سندھ حکومت کو اپنے نوٹیفکیشن کا جائز لیکر فیصلے میں نظر ثانی کرنے کی ہدایت کردی ہے۔