سندھ اسمبلی کے 8 ارکان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے۔

کراچی: سندھ اسمبلی کے آٹھ اراکین میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

3 جون کو سندھ اسمبلی کا اجلاس شیڈول ہے جس میں شرکت کے لیے تمام اراکین کو کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔

سیکرٹری سندھ اسمبلی کا کہنا ہے کہ کورونا ٹیسٹ کرائے بغیرکسی رکن کو اسمبلی آنے کی اجازت نہیں ہوگی، ڈپٹی اسپیکراوراسپیکر سندھ اسمبلی بھی کورونا ٹیسٹ کرائیں گے۔

سیکریٹری سندھ اسمبلی کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ محکمہ صحت کی ہدایت پر تمام ارکان اسمبلی کوعمل کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 61 ہزار 227 تک پہنچ گئی ہے اور 1260 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 2 ہزار76 کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی طور پر 20 ہزار 231 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں جہاں تعداد 24 ہزار 206 تک پہنچ گئی ہے۔