کراچی: دکھی انسانیت کے مسیحا ایدھی فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کے بانی عبدالستار ایدھی کو ہم سے بچھڑے چار سال بیت گئے۔
عبد الستار ایدھی نے زندگی میں کئی چیلنجز کا سامنا کیا مگر ان کی صاف نیت اور مستقل مزاجی نے انہیں ہر میدان میں بینظیر کامیابی سے ہمکنار کیا۔
عبدالستار ایدھی 1928 کو بھارت کی ریاست گجرات کے شہر بانٹوا میں پیدا ہوئے تھے۔
قیام پاکستان کے بعد کراچی میں سکونت اختیار کرنے والے عبدالستار ایدھی نے 1951 میں ایک چھوٹے کمرے سے دکھی انسانیت کی خدمت کا آغاز کیا تھا۔
عبدالستار ایدھی نے ایدھی فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھی تو جیسے لاوارث بچوں اور بے سہارا خواتین اور بزرگوں کو سہارا مل گیا۔
ایدھی کی ایمبولنس سروس نے بڑے سانحات سے لے کر چھوٹے حادثات تک میں انسانی خدمت کی وہ مثالیں پیش کیں جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
اسپتال اور ایمبولینس کے علاوہ ایدھی فاؤنڈیشن نے کلینک، زچکی سینٹر، پاگل خانے، معذوروں کے لیے گھر، بلڈ بینک، یتیم خانے، لاوارث بچوں کو گود لینے کے مراکز، پناہ گاہیں اور اسکول کھولے۔