لاہور: انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس شعیب دستگیر کو تبدیل کردیا گیا۔ انعام غنی کو نیا آئی جی پنجاب تعینات کردیا گیا۔
انعام غنی ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب تعینات تھے۔ انعام غنی ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب بھی تعینات رہ چکے ہیں۔
وفاقی حکومت نے نئے آئی جی پنجاب کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ وفاقی حکومت نے سابق آئی جی شعیب دستگیرکو سیکریٹری نارکوٹکس کنٹرول بورڈ لگا دیا۔
ذرائع کے مطابق مشاورت کے بغیر سی سی پی او لاہور کی تعیناتی پر انسپکٹر جنرل آف پنجاب پولیس شعیب دستگیر صوبائی حکومت سے ناراض ہوئے تھے اور احتجاجا تین روز سے دفتر نہیں گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مشاورت کے بعد آئی پنجاب کو ہٹادیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آئی جی کی تبدیلی کی تصدیق کردی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ نئےآئی جی کی تقرری سےمتعلق وفاق اورصوبےمیں رابطہ ہے۔ نئےآئی جی کی اولین ترجیح صوبےمیں امن و امان کا قیام ہونا چاہئے۔
چیف ایگزیکٹواورصوبےکےساتھ مشاورت سے معاملات طےہوتے ہیں۔ جن سابق آئی جی صاحبان کےساتھ کام کیاان کےساتھ اچھےتعلقات رہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صوبہ ایک ضابطےاورقانون کےتحت چلتاہے۔ دنیا کا نظام چلتا رہتاہے،کوئی آتا ہے، کوئی جاتاہے۔
دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے اپنی ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ انعام غنی نئےآئی جی پنجاب ہوں گے۔ انعام غنی کومبارک باد، امید کرتے ہیں کہ وہ بہترین کام کریں۔
شہباز گل کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب میں ان کےساتھ کام کرنےکاموقع ملا، وہ دھیمے اور پر وقار انداز میں کام کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ انعام غنی کواس عہدےکی ذمہ داریاں پوری کرنے میں کامیابی عطافرمائے۔