وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 19 فروری کو عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) میں بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو سے متعلق مضبوط کیس پیش کریں گے۔
مانچسٹر میں میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کلبھوشن کو پاکستان سے گرفتار کیا گیا اور اس نے کارروائیوں کا اعتراف کیا ہے، ہمارے پاس ثبوت ہیں اور ہمارا کیس مضبوط ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ برس اکتوبر میں عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن جادیو کا کیس 18 سے 21 فروری 2019 کے دوران سماعت کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔
عالمی عدالت انصاف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارت 18 فروری 2019 کو دن 10 سے ایک بجے تک دلائل دے گا جبکہ 19 فروری کو دن 10 سے ایک بجے تک پاکستان دلائل دے گا۔
اعلامیے کے مطابق 20 فروری کو 3 سے ساڑھے 4 بجے تک بھارت دلائل دے گا جبکہ 21 فروری کو ساڑھے 4 سے 6 بجے تک پاکستان اپنے دلائل دے گا۔