کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں مبینہ ڈکیت ارشاد احمد رانجھانی کی ہلاکت کی تحقیقات کرنے والی پولیس ٹیم کی سفارش پر یونین کونسل (یوسی) چیئرمین رحیم شاہ کو گرفتار کرلیا گیا۔
یوسی چیئرمین رحیم شاہ پر فائرنگ سے زخمی ارشاد رانجھانی کو اسپتال نہ پہنچانے کا الزام ہے۔
ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی نے آج پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ واقعہ ڈکیتی کا ہی ہے، یوسی چیئرمین رحیم شاہ بینک سے رقم لے کر نکلے تو نرسری سے ان کا تعاقب کیا گیا اور بھینس کالونی کے علاقے میں گاڑی روک کر اسلحہ کے زور پر انہیں لوٹنے کی کوشش کی گئی۔
ڈی آئی جی عامر فاروقی کے مطابق جائے وقوع سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ پولیس نے غفلت برتنے پر سب انسپکٹر کو معطل کردیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یوسی چیئرمین اور مقتول ارشاد دونوں پر کیسز ہیں، تاہم ارشاد رانجھانی کے اہلخانہ کے کہنے پر دوسرا مقدمہ درج کریں گے اور پھر فیصلہ عدالت کرے گی۔