سائٹ ایریا میں حبیب چورنگی کے قریب ٹیکسٹائل مل کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی

کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں حبیب چورنگی کے قریب ٹیکسٹائل مل کے گودام میں آگ لگ گئی۔

کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں حبیب چورنگی کے قریب واقع ٹیکسٹائل مل کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے نہ صرف شدت اختیارکرلی بلکہ شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے اور دھویں کے بادل چھا گئے تاہم فائربریگیڈ کی 12 گاڑیاں اور 15 واٹر باؤزر آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

ترجمان فائربریگیڈ کے مطابق سائٹ ایریا ٹیکسٹائل مل کے گودام میں گزشتہ رات 9 بجے لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا جب کہ آتشزدگی کے باعث گودام کے ایک حصے کی چھت بھی منہدم ہوگئی ہے۔ آگ کوتیسرے درجے کی آگ قراردیا گیا۔

واضح رہے کہ رات گئے واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ 5 گاڑیوں کے ہمراہ موقع پر پہنچا ہی تھا کہ آگ کی شدت میں اچانک اضافہ ہوا جسے تیسرے درجے کی آگ قرار دے کر شہر بھر سے مزید فائر بریگیڈ کی گاڑیوں اور عملے کو طلب کیا گیا۔ اس کے علاوہ واٹر بورڈ کی جانب سے نیپا اور کرش پلانٹ ہائیڈرنٹ پر ایمرجنسی نافذ ہے۔