بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں ملک بھر میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ریلیاں نکالیں اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بھارتی جارحیت کے خلاف پنجاب یونیورسٹی میں احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور بھارت کے خلاف نعرے بازی کی۔
کراچی میں وفاقی اردو یونیورسٹی کی جانب سے ‘پاکستان زندہ باد’ ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں طلبہ و طالبات کے علاوہ اساتذہ نے بھی شرکت کی، شرکا نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔
کوئٹہ میں بھارتی جارحیت اور دراندازی کے خلاف لیاقت بازار سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس میں مقامی تاجروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔