وزیراعظم نے 19 مارچ کو وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے 19 مارچ کو وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اجلاس کا ایجنڈا 30 نکات پر مشتمل ہوگا۔

وزیراعظم کی زیرصدارت طلب کیے گئے اجلاس میں ریوینو ڈویژن ایف بی آر میں اصلاحات کے مجوزہ پلان پر کابینہ کو بریفنگ دے گا۔ وفاقی کابینہ قومی زرعی ایمرجنسی پروگرام میں ہونے والی پیشرفت پرغور کرے گی۔

متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین اور وفاقی کابینہ پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کے سربراہان کے تقرری بھی زیرغور آئے گی۔

متروکہ وقف املاک بورڈ پر ٹاسک فورس کا قیام بھی کابینہ ایجنڈے میں شامل ہے۔ وفاقی کابینہ کی جانب سے “انٹرٹینمنٹ اور گفٹ” کے لئے بجٹ ختم کرنے کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

ایئرلائنز اور نجی چارٹرز کے لائسنسز کی منظوری اور توسیع اور ڈیٹ پالیسی کوارڈینیشن آفس کے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر نظرثانی کے لئے بنائے گئے کمیشن میں تبدیلی کا معاملہ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تشکیل نو کی منظوری پر بھی غور کیا جائے گا۔

کابینہ وزارت بین الصوبائی رابطہ اور وزارت اطلاعات کے درمیان یوتھ ڈویلپمنٹ معاہدے کی منظوری دے گی۔ کلین اینڈ گرین پاکستان کے تحت مواصلات اسٹریٹجی تشکیل دینے کی بھی منظوری ایجنڈے میں شامل ہے۔