سابق وزیراعظم طبی معائنے کے لیےشریف میڈیکل سٹی پہنچ گئے

سابق وزیراعظم طبی معائنے کے لیےشریف میڈیکل سٹی پہنچ گئے، جہاں نواز شریف کے علاج سے متعلق مشاورت اور مختلف ٹیسٹ کئے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اس موقع پر نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی انکے ہمراہ ہیں ، شریف میڈیکل سٹی میں سابق وزیراعظم کے علاج سے متعلق مشاورت اور مختلف ٹیسٹ کئے جائیں گے، اس کے علاوہ نواز شریف کا بلڈ ٹیسٹ اور ایکسرے بھی کیا جائے گا۔

گذشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے بتایا تھا کہ نواز شریف کو آج شریف میڈیکل سٹی اسپتال منتقل کیا جائے گا، جس کے بعد ان کی صحت کا مکمل جائزہ لیا جائے گا، نواز شریف کے گردوں اور دل کا علاج ایک ساتھ ہی ہوگا۔

ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے طبی معائنے کے بعد ہی پتہ چل سکے گا کہ چھ ہفتے میں علاج ہوسکے گا یا نہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، آصف کرمانی، طارق فضل چوہدری اور عظمیٰ بخاری سمیت دیگر رہنماؤں نے نواز شریف سے ملاقات کی، جبکہ اعظم نذیر تارڑ اور عطاءاللہ تارڑ سے ملاقات میں نواز شریف کی رہائی کے بعد قانونی پہلوؤں پر مشاورت کی گئی تھی۔