مکران کوسٹل ہائی وے پر نامعلوم افراد نے مسافر بس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق نامعلوم ملزمان نے مسافر بس کو روکا اور کچھ لوگوں کو شناخت کے بعد انہیں دور لے جاکر فائرنگ کر کے قتل کردیا۔
لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق افراد کی لاشیں اورماڑہ منتقل کی جارہی ہیں۔
وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء لانگو کے مطابق مسافر بسوں سے اتار کر 14 افراد کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کا واقعہ کوسٹل ہائی وے پر بزی چڑھائی کے مقام پر گزشتہ رات پیش آیا۔
وزیر داخلہ بلوچستان کا کہنا ہے کہ تمام 14 مسافروں کے شناختی کارڈز دیکھنے کے بعد انہیں بسوں سے اتار کر قتل کیا گیا، سیکورٹی ادارے جلد ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔
ضیاء لانگو نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں بنا دی گئی ہیں، عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے، دہشت گردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائےگا۔
وزیراعظم نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی
وزیر اعظم عمران خان نے کوسٹل ہائی وے فائرنگ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وحشیانہ حملے کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔