آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب آج لندن میں ہوگی۔ تقریب کو برطانیہ کے معیاری وقت کے مطابق شام 5 بجے براہ راست نشر کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹ کاعالمی میلہ شروع ہونے میں صرف ایک دن باقی رہ گیا ہے۔ ڈیڑھ ماہ جاری رہنے والے ورلڈکپ میں 10 ٹیمیں 11 وینیوز پر48 میچز میں ایک ٹرافی کےلیے جنگ کریں گی۔ افتتاحی میچ 30 مئی کومیزبان انگلینڈ اورجنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
فاتح ٹیم کوچمچماتی ٹرافی کے ساتھ 40 لاکھ ڈالرانعامی رقم بھی ملے گی۔ ریکارڈ 5 مرتبہ کا ورلڈکپ چیمپئن آسٹریلیا اعزاز کا دفاع کرے گا۔ پاکستان اپنی ورلڈ کپ مہم جمعہ 31 مئی کو ٹرینٹ برج ناٹنگھم میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے شروع کرے گا۔ اسی دن برسٹل میں آسٹریلیا اعزاز کا دفاع افغان ٹیم کے خلاف میچ سے شروع کرے گا۔ نیوزی لینڈ اپنا پہلا میچ یکم جون کو سری لنکا سے کارڈف میں کھیلے گا۔ 2 جون کوبنگلہ دیش کا پہلا میچ اوول گراؤنڈ میں جنوبی افریقہ سے ہوگا۔ دومرتبہ کا فاتح بھارت میگا ایونٹ کا آغاز 5 جون کوساؤتھمپٹن میں جنوبی افریقہ کے خلاف کرےگا۔
ورلڈکپ فارمیٹ کے مطابق ایونٹ میں شریک دس ٹیمیں سنگل لیگ کی بنیاد پر ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک میچ کھیلیں گی۔ ہرٹیم کو پہلے مرحلے میں نو میچز ملیں گے۔ چاربہترین ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔